ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بی جے پی حکومت پر 40فیصد کمیشن کے الزامات کی جانچ کے بعد کنٹراکٹروں کے بل ادا ہوں گے: وزیر اعلیٰ سدارامیا

بی جے پی حکومت پر 40فیصد کمیشن کے الزامات کی جانچ کے بعد کنٹراکٹروں کے بل ادا ہوں گے: وزیر اعلیٰ سدارامیا

Mon, 14 Aug 2023 12:22:12    S.O. News Service

بینگلورو، 14/اگست(ایس او  نیوز/ایجنسی) وزیر اعلیٰ سدارامیا نے کہا ہے کہ سابقہ بی جے پی حکومت پر 40فیصد کمیشن خوری کے جو الزامات ہیں جب تک ان کی جانچ مکمل نہیں ہو جاتی، اس کے دور اقتدار میں جن کنٹراکٹوں پر کام ہو ا ہے ان کے بلوں کی منظوری نہیں دی جا سکتی۔

میڈیا  سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بی جے پی حکومت 40فیصد کمیشن خوری کے الزامات کی وجہ سے بے دخل ہوئی، اب جب تک ان تمام الزامات کی جانچ نہیں کرلی جاتی، اس کے گھیرے میں آنے والے کنٹراکٹروں کے بلوں کی ادائیگی جانچ کے بعد ہی ممکن ہو سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ جن کنٹراکٹوں نے کوئی غلطی نہیں کی ہے ان کے بل ہر حال میں ادا ہوں گے، ان کو ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو کانگریس پر کمیشن خوری کے الزامات لگانے کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کے عوام نے 40فیصد کمیشن خوری کے الزامات کی وجہ سے ہی بی جے پی کو اقتدار سے باہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ جن بلوں کی مانگ کی جا رہی ہے وہ کام تین سال پہلے ہی ہو چکے ہیں، اتنے دنوں تک خاموش رہنے کے بعد اب نئی حکومت قائم ہو تے ہی ان بلوں کی وصولی کے لئے جلد بازی کرنا ٹھیک نہیں ہے۔

کاویری کے پانی کیلئے تمل ناڈو کی طرف سے کی گئی تازہ تکرار کے بارے میں سدارامیا نے کہا کہ حقیقت ہے کہ اس بار کرناٹک میں مانسون کی بارش زیادہ نہیں ہو ئی ہے۔ ایسی صورتحال میں دونوں ریاستوں کو باہمی تعاون کا راستہ اپنانا چاہئے، اس کے باوجود تمل ناڈو کی طرف سے تکرار کی جا رہی ہے کہ پانی فراہم کیاجائے تو اس کیلئے قانون کا سہارا لیا جائے گا۔ پانی نہ ہونے کی صورت میں تمل ناڈو کو کاویری سے پانی کی فراہمی کرنے کا سوال ہی نہیں اٹھتا۔

بی بی ایم پی انتخابات کروانے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس کے بارے میں عدالت کو اپنی رپورٹ پیش کر دی ہے۔ سابقہ بی جے پی حکومت نے انتخابات کو ٹالنے کی بارہا کوشش کی، کانگریس حکومت ایسا رویہ نہیں اپنائے گی بلکہ جلد از جلد بینگلورو کے بلدی ادارے کیلئے منتخب نمائندے بحال کرنے کی جدوجہد کرے گی۔


Share: